Sunday, August 9, 2009

شعلہ کائنات : محبت


محبت ایک ایسی شی ہے جو ہر مخلوق کے اندر پائی جاتی ہے۔یہ اس کے اندر کی ایک ایسی عظیم طاقت ہے جو کسی بھی طرح کے دشمن کو زیر کرسکتی ہے۔بغیر محبت کے جذبہ کے کوئی بھی انسان مکمل نہیں ہو سکتا گرچہ وہ صدیوں تک زندہ رہے مگر بلوغت اور رسیدگی میں سوائے ایک شیر خوار کے کچھ بھی نہیں۔ محبت کے جذبے سے محروم افراد نہ تو کسی سے پیار کرتے ہیں اور نہ ہی ان کے اندر محبت کی حس ہوتی ہے۔ ایسے لوگ ہمیشہ اپنی انا کی تاریکی میں غرق رہتے ہیں۔

ہر شیر خوار کا سامنا سب سے پہلے محبت سے ہوتا ہے۔ وہ رحم اور تلطف کے جذبے کو محسوس کرتا ہے اور پیار و محبت کے جذبے سے سرشار دل کی دھڑکنوں کے ساتھ پروان چڑھتا ہے۔ کم سنی کے بعد ہو سکتا ہے کہ یہ جذبہ اس کے اندر باقی رہے یا وہ اس سے محروم ہو جائے اور اس کی تلاش و جستجو میں ہمیشہ سرگرداں رہے۔

تابدار آفتاب کے رخ پر بھی محبت کی علامت ہوتی ہے۔ آبی بخارات اسی محبت کے لیے پرواز کرتے ہیں اور یہ محبت کی طاقت ہی ان کو اڑاکر آسمان میں لے جاتی ہے۔ اور پھر زمین سے محبت کی وجہ سے ابر رحمت بن کر برستے ہیں۔ جشن بہاراں ہوتا ہے۔ ہر پھول محبت کے جذبے سے سرشار ہوکر کھل اٹھتا ہے۔ محبت سے بھر پور پھولوں کی پتیوں پر شبنم کا رقص نم ہوتا۔ تمام چرند پرند باہم مل کر محبت کے گیت گاتے ہیں اور چہچہاتے ہیں۔

دوسروں کا خیال کرنا اور دوسروں کے لیے جینا انسان کی ایسی نیک ، صالح خصوصیات ہیں جو ہر انسان کو اپنے اندر پیدا کرنی چاہئے۔ یہ خصوصیات محبت ہی کی دین ہے۔ عظیم شخص وہ ہے جو اپنے اندر محبت او ررحم و کرم کا جذبہ رکھتا ہے اور دل کو بغض و عناد سے پاک صاف رکھتا ہے۔

کسی بھی شخص کے دل کو جیتنے کا سب سے آسان اور چھوٹا راستہ محبت ہے۔ تمام انبیاءکرام کا بھی یہی شیوہ رہا ہے ۔ ایسے لوگوں کے لیے کسی کے بھی دروازے بند نہیں ہوتے ہیں ، اگر شاذ و نادر کہیں کوئی دروازہ بند بھی ہوتا ہے تو اس کے لیے دیگر ہزاروں لاکھوں در وا ہوتے ہیں۔ اگر کوئی کسی کے دل میں محبت کے راستے داخل ہوتا ہے تو زندگی کے تمام مسائل کامیابی کے ساتھ حل ہو سکتے ہیں۔
Key Word: Love, Mohabbat, rahm, talattuf, pyaar, peyar,ishq, ishk